surah.translation .

مطفّفین


بڑی خرابی ہے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کی

کہ جب لوگوں سے ناپ کر لیتے ہیں تو پورا پورا لیتے ہیں

اور جب انہیں ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں تو کم دیتے ہیں

کیا انہیں اپنے مرنے کے بعد جی اٹھنے کا خیال نہیں

اس عظیم دن کے لئے

جس دن سب لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے

یقیناً بدکاروں کا نامہٴ اعمال سِجِّينٌ میں ہے

تجھے کیا معلوم سِجِّينٌ کیا ہے؟

(یہ تو) لکھی ہوئی کتاب ہے

اس دن جھٹلانے والوں کی بڑی خرابی ہے

جو جزا وسزا کے دن کو جھٹلاتے رہے

اسے صرف وہی جھٹلاتا ہےجو حد سے آگے نکل جانے واﻻ (اور) گناه گار ہوتا ہے

جب اس کے سامنے ہماری آیتیں پڑھی جاتی ہیں تو کہہ دیتا ہے کہ یہ اگلوں کے افسانے ہیں

یوں نہیں بلکہ ان کے دلوں پر ان کےاعمال کی وجہ سے زنگ (چڑھ گیا) ہے

ہرگز نہیں یہ لوگ اس دن اپنے رب سےاوٹ میں رکھے جائیں گے

پھر یہ لوگ بالیقین جہنم میں جھونکے جائیں گے

پھر کہہ دیا جائے گا کہ یہی ہے وه جسے تم جھٹلاتے رہے

یقیناً یقیناً نیکو کاروں کا نامہٴ اعمال عِلِّیین میں ہے

تجھے کیا پتہ کہ عِلِّیین کیا ہے؟

(وه تو) لکھی ہوئی کتاب ہے

مقرب (فرشتے) اس کا مشاہده کرتے ہیں

یقیناً نیک لوگ (بڑی) نعمتوں میں ہوں گے

مسہریوں پر بیٹھے دیکھ رہے ہوں گے

تو ان کے چہروں سے ہی نعمتوں کی تروتازگی پہچان لے گا

یہ لوگ سربمہر خالص شراب پلائے جائیں گے

جس پر مشک کی مہر ہوگی، سبقت لے جانے والوں کو اسی میں سبقت کرنی چاہئے

اور اس کی آمیزش تسنیم کی ہوگی

(یعنی) وه چشمہ جس کا پانی مقرب لوگ پیئں گے

گنہگار لوگ ایمان والوں کی ہنسی اڑایا کرتے تھے

اور ان کے پاس سے گزرتے ہوئے آپس میں آنکھ کےاشارے کرتے تھے

اور جب اپنے والوں کی طرف لوٹتے تو دل لگیاں کرتے تھے

اور جب انہیں دیکھتے تو کہتے یقیناً یہ لوگ گمراه (بے راه) ہیں

یہ ان پر پاسبان بنا کر تو نہیں بھیجے گئے

پس آج ایمان والے ان کافروں پر ہنسیں گے

تختوں پر بیٹھے دیکھ رہے ہوں گے

کہ اب ان منکروں نے جیسا یہ کرتے تھے پورا پورا بدلہ پالیا